11 اکتوبر ﴿ایس او نیوز﴾ اوڈیشہ میں آئے طوفان ’تتلی‘ نے انتہائی خطرناک شکل اختیار کر لی ہے۔ محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے بتایا کہ اس سائکلون کی وجہ سے 145 کلومیٹر فی گھنٹہ رفتار کی تیز فضایں چل رہی ہیں۔ جمعرات کے روز صبح کے وقت طوفان اوڈیشہ کے ساحلی علاقوں سے ٹکرایا۔ فی الحال ان علاقوں میں سخت بارش ہو رہی ہے۔ واضح ہو کہ طوفان اوڈیشہ کے ساحلی علاقوں سے جمعرات صبح ساڑھے پانچ بجے ٹکرایا ۔
تو وہیں دوسری جانب اس طوفان کے خطرہ کو دیکھتے ہوئے تقریباََ تین لاکھ لوگوں کو خطرہ والے علاقہ سے نکالا گیا ہے۔ مرکز نے اس کے مدنظر حالات سے نمٹنےکے لئے بدھ کو اوڑیشہ، آندھرپریش اور مغربی بنگال کے لئے این ڈی آر ایف کی متعدد ٹیمیں تعینات کی۔
قابل غور ہے کہ اوڈیشہ کے وزیر اعلیٰ نوین پٹنائک نے بدھ کے روز بتایا تھا کہ طوفان ’تتلی‘ کے پہنچے سے قبل اوڈیشہ میں تقریباَل 3 لاکھ لوگ محفوظ جگہوں پر پہنچائے گئے۔ وزیر اعلیٰ نے پوری ریاست میں سخت بارش کے سبب تمام اسکولوں، کالجوں کو جمعرات اور جمعہ کے روز بند رکھنے کا حکم دیا۔